لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاک بھارت سرحد “واہگہ بارڈر” پر معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ واہگہ بارڈر پر شہریوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یاد گار شہدا پر بھی حاضری دی اور پھول رکھے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا امن اور سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے۔ پاکستان کے 25 کروڑ عوام “بنیان مرصوص” ہیں اور جس نے ریڈ لائن کراس کرنے کی کوشش کی۔ اس کا غرور خاک میں ملا دیا گیا۔
مریم نواز نے پاک فوج کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔ مسلح افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے راولپنڈی میں معرکہ حق اسکوائر کا افتتاح کر دیا
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ جبکہ موجودہ قیادت نے دفاعی اور سفارتی میدان میں دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
