راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میں “معرکہ حق اسکوائر” کا افتتاح کر دیا۔ جبکہ سگنل فری راولپنڈی منصوبے کے تحت 179 دنوں میں 5 انڈرپاسز، 2 اوورہیڈ اور پیڈسٹرین برج مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا گیا۔
حکام کے مطابق 190 دن میں مکمل ہونے والا راولپنڈی کا یہ منصوبہ 179 دن میں مکمل کیا گیا۔ جسے پاکستان کا پہلا منفرد اور تیز رفتار انفراسٹرکچر پراجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ کچہری چوک کو تاریخی دن کی مناسبت سے “معرکہ حق اسکوائر” کا نام دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی نقاب کشائی کے بعد دعائے خیر کی۔ جبکہ سگنل فری کوریڈور، اوور ہیڈ برج اور دیگر شاہراہوں کا دورہ بھی کیا۔
صوبائی وزیر صہیب احمد بھرتھ نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سگنل فری کوریڈور سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد گاڑیاں گزر سکیں گی۔ جبکہ “معرکہ حق اسکوائر” میں جدید طرز کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ پیڈسٹرین برج بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق روات سے موٹروے تک 25 کلومیٹر طویل سگنل فری کوریڈور کے دو فیز مکمل ہو چکے ہیں۔ جبکہ تیسرا مرحلہ جلد مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 9 انڈر پاسز اور 3 فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے۔ جبکہ ریس کورس، چیئرنگ کراس اور اے ایف آئی سی چوک میں بھی انڈرپاسز بنائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن جان لے، پاکستان کیخلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک اور دور رس ہونگے ، فیلڈ مارشل عاصم منیر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور راولپنڈی کے اربن کلچر کو تبدیل کر دے گا اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرے گا۔
