فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ آج کا دن ہم سب کیلئے باعث افتخار ہے، ایک سال قبل معرکہ حق ، آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ کی رضا سے پاکستان کو بے مثال کامیابی ملی۔
معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ چھ اور 7مئی کی درمیانی شب سے 10 مئی تک دشمن نے پاکستان کی جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی کی ناکام کوشش کی۔
آرمی چیف عاصم منیر نے مزید کہا کہ معرکہ حق صرف 2 ممالک کی جنگ نہیں تھی بلکہ یہ 2 نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا ، جس میں حق فتح یاب اور باطل ہزیمت سے دو چار ہوا۔
معرکہ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات کا دن ہے، صدر و وزیراعظم کا خصوصی پیغام
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے ،اس کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگا۔
انہوں نے کہا کہ میں معرکہ حق کے تمام شہداء اورغازیوں بالخصوص شہید ہونے والی نہتی خواتین ، بوڑھوں اورمعصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم معرکہ حق کے عظیم شہداء کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔ میں تمام غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے میدان جنگ میں تاریخ رقم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا ،فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور ملٹری ڈپلومیسی عالمی توجہ کا مرکز بن گئی
انہوں نے کہا الحمد اللہ ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن جان لے، پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطرناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ عصرِ حاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں ،ڈرونز ،سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہو گا۔ افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگِ میل ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ آج پاکستان اپنی موثر ، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتی کاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشتگردی کی گھناونی روش کا سہارا لے رہا ہے، افغانستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے۔
معرکہ حق میں بھارت کے 4 رافیل سمیت 8 طیارے گرائے، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام ، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لینگے اور دہشتگردی کیخلاف یہ جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہم ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔
قبل ازیں فیلد مارشل عاصم منیر نے شہدا کی یادگار پر حاضری دی، دعا کی اور پھول رکھے ،سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔
