صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات کا دن ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا۔
صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھواور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے ۔
انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کیلئے قابلِ فخر قرار دیا۔
صدر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر آصف زرداری نے کہاکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ہے ، پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، ایران امریکہ تنازع کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ چین کا دورہ کریں گے
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معرکہ حق کے دن کو سجدہ شکر بجا لانے کا موقع قرار دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن عزم، جرات اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے کی یاد تازہ کرتا ہے، بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر ہماری افواج کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔
پاکستان’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ثابت قدمی سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معرکہ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات پر اُس کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔ آج ہم اس عزم، جرات اور استقامت کو یاد کر رہے ہیں جس کا مظاہرہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء، اُن کے اہلِ خانہ اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر اپنے وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر ہماری افواج کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم ہے، جسے نہ تو مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جا سکتا ہے۔
معرکہ حق تاریخ میں ایک ایسے عظیم کارنامے کے طور پر ثبت ہو چکا ہے جس میں دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی، دشمن کو حقیقت کا ایسا سبق دیا گیا جس نے اُس کے ناقابلِ شکست ہونے کے زعم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اُن کی جراتمندانہ اور دلیرانہ قیادت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کو بھی اُن کی مدبرانہ حکمتِ عملی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے تناظر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا،پاکستان نے ایک جانب اپنے امن کے عزم کو واضح کیا تو دوسری جانب دفاعی توازن کو بحال کرتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کو کمزور کرنے یا اس کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا۔ ہم اپنی سرحدوں کے دفاع اور تحفظ کے لیے پُرعزم اور مکمل طور پر چوکس ہیں۔
معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، افواجِ پاکستان اور قوم کواعلیٰ عسکری قیادت کی مبارکباد
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی ہمیشہ بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج پاکستان کو ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے ضامن کے طور پر بھی ابھرا ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں ایک اہم ثالث کے طور پر پاکستان کے کردار اور قیامِ امن کے لیے ہماری مسلسل کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، پاکستان تنازع کے پُرامن حل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیے، آج معرکہ حق کا ایک سال پورا ہونے پر اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم’’فولادی دیوار‘‘ بن کر اپنے دشمنوں کا مقابلہ کریں گے اور اس عظیم وطن کی مقدر کی شان و عظمت کے لیے بے لوث محنت جاری رکھیں گے۔
