معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر پاک افواج، خصوصاً پاک فضائیہ، قومی دفاع کی ایک فیصلہ کن اور تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔
پاک افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں قومی دفاع کی فیصلہ کن اور تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معرکۂ حق نے قومی اعتماد کو نئی جہت دی اور ادارہ جاتی عزم کو مزید مستحکم کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے دوران فضائی جنگ کی تاریخ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کا مظہر بنی، جبکہ پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں۔ افواجِ پاکستان کی ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے، جبکہ پاکستان کیلئے امن ہمیشہ وقار اور خودمختار برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج خطے کی بدلتی صورتحال اور دشمن کی جارحانہ تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہے۔ پاک افواج جنگی ماحول کیلئے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل مستعد ہیں، اور کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔
بیان میں دوٹوک انداز میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔ معرکۂ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا اور آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا، اِن شاء اللہ۔
پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ٹرمپ کا پراجیکٹ فریڈم عارضی طور پر روکنے کا اعلان
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنے عزم، مہارت اور جذبۂ قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فضائیہ آئندہ بھی قوم کیلئے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔
