اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نیا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دکانوں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کے اوقات کار میں بڑی تبدیلی کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہر بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ یہ پابندی ہفتے اور اتوار سمیت پورے ہفتے نافذ العمل رہے گی۔ تاہم بعض شعبوں کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، اسپتال اور لیبارٹریز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی اپنے معمول کے اوقات میں کام جاری رکھیں گے۔ دودھ اور ڈیری شاپس پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
ریسٹورنٹس، تندور، کریانہ اور سبزی فروٹ شاپس رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی، تاہم اس کے بعد انہیں بند کرنا لازم ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ شادی ہالز، مارکیز، نجی تقریبات اور اسپورٹس کلبز/جمز کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اب بغیر انڈیکیٹرز بائیکس چلانے پر بھی جرمانہ ہو گا
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات شہر میں نظم و ضبط اور توانائی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
