کراچی میں بجلی کا بحران شدید ہوگیا،شہر میں بجلی کی طلب 3500 میگا واٹ سے تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع کر دیا،سرجانی ٹاؤن ، نیو کراچی، نارتھ کراچی ،بلدیہ ٹاؤن ،لیاقت آباد ،ملیر اور لانڈھی میں8 سے 12 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔علاقہ مکین کہتے ہیں رات 12 بجے کے بعد 3 گھنٹے کے لئے بھی بجلی بند کی جا رہی ہے۔
کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ
دوسری جانب سولجر بازار، گارڈن ، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور نارتھ ناظم آباد میں 8 سے 6 گھنٹے کی اعلانیہ بندش جاری ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق رات کے اوقات میں 2 گھنٹے کے لئے بجلی کی فراہمی معطل کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے 1100 کے بجائے 800 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے،کے الیکٹرک فرنس آئل پر چلنے والے پلانٹس سے 1800 میگاواٹ بجلی بنا رہی ہے۔
