فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی پر امریکی صدر سے رابطہ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایرانی بندرگاہوں کی ممکنہ ناکہ بندی سے متعلق ان کے مؤقف پر غور کریں گے، جسے ایران کے ساتھ امن مذاکرات میں رکاوٹ سمجھا جا رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایک پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو ایک ٹیلیفونک رابطے کے دوران ہوئی، جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا جب ایران نے امریکہ کے ساتھ اعلیٰ سطح کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق موجودہ حالات مزید بات چیت کے لیے سازگار نہیں۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آبی گزرگاہ میں ممکنہ رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف مذاکرات بلکہ خطے کے استحکام پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
پاکستان کو بتا دیا دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں، ایران
امریکہ کی جانب سے اس گفتگو کی تفصیلات کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم پاکستان حالیہ عرصے میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، اگرچہ اب تک اس کے نتائج محدود رہے ہیں۔
