اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ جس کے پیش نظر بس اڈے بند اور بھاری ٹریفک پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جبکہ 26 اپریل تک سیکیورٹی لاک ڈاؤن کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں شہروں کے اہم بس اڈے اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ مراکز مکمل طور پر بند کر دیئے گئے۔ جبکہ ٹرک اور ٹریلر سمیت بھاری ٹریفک کے روٹس بھی معطل کر دیئے گئے۔ جس سے شہریوں کی روزمرہ نقل و حرکت متاثر ہونے کا امکان ہے۔
متاثرہ علاقوں میں پشاور روڈ، بارہ کہو، فیض آباد اور مری روڈ سمیت دیگر اہم داخلی و خارجی راستے شامل ہیں۔ جہاں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ان مقامات پر اضافی ناکے، چیک پوائنٹس اور نگرانی کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات احتیاطی نوعیت کے ہیں۔ جن کا مقصد ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو کم کرنا ہے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب غیر ملکی وفود کی آمد متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کے سرکاری ملازمین کیلئے نئے قوانین نے ہلچل مچا دی
انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ ٹریفک مسائل کے پیش نظر متبادل انتظامات رکھیں۔
