وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران 600 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 سے مارچ 2026 تک مجموعی طور پر 618 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے، جس کا مطلب ہے کہ شہر میں ہر ماہ اوسطاً 41 سے زائد افراد ایچ آئی وی میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متاثرہ افراد میں نوجوان مردوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جو کل کیسز کا 64 فیصد بنتی ہے۔
مجموعی کیسز میں 397 مرد، 106 خواتین، 93 خواجہ سرا اور 22 بچے شامل ہیں۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ سال 2025 میں 498 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ 2026 کے پہلے تین ماہ میں مزید 120 نئے مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ماہرینِ صحت نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نوجوانوں میں منشیات، خاص طور پر آئس (کرسٹل میتھ) کے استعمال کے دوران غیر محفوظ رویے اس وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ بن رہے ہیں۔
ماہانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو جولائی 2025 سب سے زیادہ متاثرہ مہینہ رہا جس میں 63 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ جون اور دسمبر میں سب سے کم 31، 31 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
واضح رہے کہ ماہرین کے مطابق پاکستان بھر میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی مجموعی تعداد اب تقریباً ساڑھے 3 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو عوامی صحت کے حوالے سے ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر رہا ہے۔
