اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 199 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش، افغانستان میں واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے مردان، بالاکوٹ، باجوڑ، صوابی، نوشہرہ، شبقدر، شانگلا اور دیر بالا سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ، مالاکنڈ، سوات، چترال اور رستم میں بھی لوگوں نے جھٹکے محسوس کیے۔
بلوچستان میں امن و ترقی کیلئے ریاستی کوششیں پوری قوت سے جاری ہیں، صدر مملکت
پنجاب کے مختلف علاقوں ٹیکسلا، نورپور تھل، گوجرانوالہ اور نوشہرہ ورکاں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
کچھ منٹوں کے بعد دوبارہ اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
