پنجاب میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دس اضلاع میں نئی الیکٹرو بسیں دینے کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت 21 روٹس پر سوا لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے اور 3560 بس ٹرپس مکمل ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ ہر ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کے لیے خصوصی بس ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مزید برآں تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے جامع منصوبہ طلب کر لیا گیا۔
اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
اجلاس میں ای ٹیکسی اسکیم پر پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں مزید 208 ای ٹیکسیاں شامل کی جائیں گی۔
امریکا ایران مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی، پاکستان
وزیراعلیٰ نے میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔ “ایمپاور ہر” پراجیکٹ کے تحت لاہور میں جدید بس اسٹیشنز کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مئی کے وسط تک 350 جبکہ جون کے آخر تک مزید 264 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔
