جنوبی بھارت کی تامل اور تیلگو فلموں کی معروف اداکارہ تریشا کرشنن کے چنئی میں واقع گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے۔
اطلاعات کے مطابق تامل ناڈو کے ڈی جی پی کنٹرول روم کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کے گھر سمیت بنگلادیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر بھی بم نصب کیے گئے ہیں۔
ای میل ملنے کے فوری بعد پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ہمراہ دونوں مقامات پر سرچ آپریشن شروع کیا۔
خفیہ نکاح یا نیا میوزک پراجیکٹ؟ حاوی کی دلہن کے ساتھ تصویر وائرل
کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی تلاشی کے باوجود کوئی مشکوک یا خطرناک چیز برآمد نہیں ہوئی، جس کے بعد حکام نے اس دھمکی کو جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے چنئی ڈی جی پی آفس کو اس نوعیت کی متعدد جعلی بم دھمکیوں والی ای میلز موصول ہو رہی ہیں، جن میں مختلف معروف شخصیات اورحساس مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم اب تک کی تمام تحقیقات میں یہ دھمکیاں غلط ثابت ہوئی ہیں۔
دوسری جانب تریشا کرشنن کی اداکار وجے کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں موجودگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف قیاس آرائیاں بھی زیر بحث ہیں۔
بعض غیر مصدقہ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ وجے کی اہلیہ کی جانب سے طلاق کی درخواست دائر کی گئی ہے تاہم ان خبروں کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
