لاہور میں محکمہ ریلوے نے گریڈ 20 کے دو اہم افسران کے تقرر و تبادلے کرتے ہوئے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔
وزارت ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اطہر ریاض کو چیف پرسنل آفیسر (سی پی او) ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور تعینات کر دیا گیا ہے وہ اس سے قبل مختلف حساس اور انتظامی ذمہ داریوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ سی پی او محمد علی چاچڑ کو فوری طور پر وزارت ریلوے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں انہیں نئی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
پنجاب کے 9 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے تقرروتبادلے، نوٹیفکیشن جاری
ذرائع کے مطابق محکمہ ریلوے میں جاری اصلاحاتی عمل کے تحت افسران کی تقرریاں اور تبادلے کارکردگی میں بہتری اورادارے کی انتظامی ساخت مضبوط بنانے کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ نئے افسران کی تعیناتی سے انسانی وسائل کے شعبے میں مؤثر منصوبہ بندی، عملے کی نظم و ضبط میں بہتری اورانتظامی معاملات میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔
وزارت ریلوے نے واضح کیا ہے کہ مستقبل قریب میں مزید تقرریاں اور تنظیمی تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔
