امریکا میں دورانِ پرواز ایک انتہائی خطرناک اور حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر نے اچانک طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول کر نہ صرف فلائٹ کریو کو ہنگامی صورتحال میں مبتلا کردیا بلکہ پوری پرواز کو واپس گیٹ کی طرف موڑنے پر مجبور کر دیا، واقعے کے فوری بعد مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ جوہانسن وان ہیرٹم کے ایل ایم کی فلائٹ کے ذریعے ایمسٹرڈیم روانہ ہو رہا تھا، جیسے ہی طیارہ اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا، ملزم نے بنا کسی انتباہ کے ایمرجنسی ایگزٹ ڈور کھول دیا۔
دروازہ کھلتے ہی عملے نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے طیارے کو روک دیا اور ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر اسے دوبارہ گیٹ پر لایا گیا۔
ایئرپورٹ پولیس کے مطابق مسافر نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا کہ اسے شبہ تھا کہ ایک اور مسافر کے پاس ہتھیار موجود ہے، اسی خوف کے باعث اس نے بھاگنے کی کوشش میں دروازہ کھولا۔
سری لنکا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، 31 ہلاک اور 14 لاپتہ
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں کسی بھی قسم کے ہتھیار کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا،تحقیقات میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا ہے، جس کے باعث اس نے یہ خطرناک قدم اٹھایا۔
کمیونٹی سیکیورٹی اہلکاروں نے طیارے پر چڑھ کر وان ہیرٹم کو گرفتار کیا، جسے اب لاپرواہی، ایئر کرافٹ کو نقصان پہنچانے اور فضائی سیکیورٹی میں مداخلت جیسے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔
