لاہور، امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے ارکان تھامس آر سوزی اور جیک برگ مین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر صوبے میں کی جانے والی اہم اصلاحات اور جدید طرز حکمرانی کے ویژن کو سراہا ہے۔
خط میں دونوں ارکان نے پنجاب کو ماڈرن اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔
امریکی کانگریس ممبران نے خصوصی طور پر ماحولیات کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا اور بھٹہ خشت کو جدید تقاضوں کے مطابق تبدیل کرنے کے فیصلے کو ماحول دوست پالیسیوں کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
خط میں کہا گیا کہ پنجاب نے ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں، جو عالمی سطح پر مثبت طور پر دیکھا جارہا ہے، کانگریس ممبران نے پنجاب میں جبری مشقت کے خاتمے کی بھی تعریف کی۔
خط میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ماضی میں پنجاب میں تقریباً 4.5 ملین افراد غیر منصفانہ جبری مشقت کا شکار تھے تاہم وزیراعلیٰ کی مضبوط ایڈمنسٹریشن اور فیصلہ کن اقدامات کے نتیجے میں اس عمل کا خاتمہ ممکن ہوا۔
مزید کہا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اہم سیکٹرز کی بہتری اورنئے قوانین واصولوں کے نفاذ سے صوبہ بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ڈھل رہا ہے جو بیرونی سرمایہ کاری کیلئے نہایت سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ان اقدامات سے صوبہ غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک محفوظ، مستحکم اور جدید خطہ بن گیا ہے جس سے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔
