گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے سے متعلق گورننس پالیسی کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی اور معاشی چیلنجز کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ عوام کے حقوق اور مفاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کوتجاوزات سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے،صورتحال بہتر بنانے اور گورننس کی اصلاح کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
گورنرخیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ پشاور سے تجاوزات کےخاتمے کیلئے آپریشن شروع کیا گیا ہے،معاملے پرکسی کی سفارش قبول نہیں ہوگی، صوبے بھرمیں صفائی ستھرائی مہم بھی شروع کی ہے،تجاوزات کے خاتمے سے پشاورکی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 13سال کا ملبہ کچھ دن میں اٹھانا ممکن نہیں،صفائی ستھرائی کی مہم سے عوام کو صحت مند اور ستھرا ماحول فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، گزشتہ روز پشاور رنگ روڈ پرتجاوزات کےخلاف کارروائیوں کا آغاز کیا گیا جو آج بھی جاری ہے ۔
پشاور رنگ روڈ پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن بھرپور انداز میں جاری۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے رنگ روڈ پر پیر زکوڑی فلائی اوور، پشتخرہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے کارروائیوں کی نگرانی کی۔@CSKPOfficial https://t.co/2OARMSFMAv
— Deputy Commissioner Peshawar (@DCPeshawar) October 20, 2026
انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنرپشاورکی موجودگی میں گڑھی قمر دین میں غیرقانونی تعمیرات مسمار کردی گئیں،پی ڈی اے اورمتعلقہ محکموں کے اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، غیرقانونی تعمیرات کودوبارہ قائم نہیں کیاجائےگا،شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئےمتعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سڑکوں،فٹ پاتھ اورگزرگاہوں پر تجاوزات قائم نہ کریں۔

