سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں ایک روز کی توسیع کر دی گئی، عازمینِ حج آج رات 12 بجے تک واجبات جمع کرا سکتے ہیں۔
حج 2027 کے لیے درخواستوں کا عمل 17 اگست کو شروع ہوا تھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اعلان کیا تھا کہ پہلی قسط کے لیے درخواستیں اسی تاریخ سے وصول کی جائیں گی جبکہ دوسری قسط اکتوبر میں جمع کرائی جائے گی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ جبکہ مختصر دورانیے کے حج کے لیے الگ سے 30 ہزار عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی گئیں۔
واجبات ادائیگی کیلئے انفرادی پیغامات
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق مقررہ تاریخ تک 1200 عازمین حج نے دوسری قسط جمع نہیں کرائی، جنہیں ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے انفرادی پیغامات بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ رہ جانے والے عازمین حج کے لیے واجبات جمع کرانے کا آج آخری موقع ہے، مقررہ وقت تک دوسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں ان کی حج درخواست منسوخ کر دی جائے گی۔
درخواست منسوخ ہونے پر پہلی قسط واپس
وزارت مذہبی امور کے مطابق درخواست منسوخ ہونے کی صورت میں عازمین کو پہلی قسط واپس کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ حج درخواستیں وصول کرنے کے لیے حبیب بینک کو باضابطہ شراکت دار مقرر کیا گیا ہے، جس کی ملک بھر میں 1700 سے زائد شاخوں کے ذریعے درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اسلامی بینکاری کے اصولوں کے مطابق اس سہولت کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

