پرتگال فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کیمپ سے چلے جانے اور کوچ جارجے جیسس سے اختلافات کے معاملے پر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 30 روزہ پابندی عائد کر دی۔ جبکہ فیڈریشن ڈسپلنری کونسل نے 255 یورو جرمانہ بھی عائد کیا۔
واضح رہے کہ تین ہفتے قبل کرسٹیانو رونالڈو کوچ سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ میچ سے قبل کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ جبکہ اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں انہیں میدان میں اتارنے کے بجائے متبادل کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔
رونالڈو نے الزام لگایا تھا کہ کوچ جارجے جیسس نے ان کے کھیل سے متعلق دو مرتبہ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ تاہم کوچ نے کسی معاہدے کی تردید کی تھی، البتہ پرتگال کی 2-1 سے کامیابی کے بعد رونالڈو کی ٹیم میں واپسی کا امکان بھی مسترد نہیں کیا تھا۔
Portugal have suspended Cristiano Ronaldo for 30 days and fined him around $285.
A Bola reports he will be eligible for selection in the November international window. https://t.co/LUB36dUNvY
— B/R Football (@brfootball) October 19, 2026
پرتگال فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل کے مطابق رونالڈو نے جان بوجھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ اور اس معاملے میں کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی، جبکہ متعلقہ واقعے کی رپورٹ دو روز قبل سامنے آئی تھی۔
فیڈریشن کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ 30 روزہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی اور آیا عارضی پابندی کے تحت پہلے گزارا گیا وقت بھی اس میں شمار کیا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ رونالڈو ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا نہ کرنے اور ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر کیمپ سے جانے پر معذرت کرچکے ہیں۔ اور انہوں نے سزا پوری کرنے کے بعد قومی ٹیم کے لیے دستیابی کا بھی اعلان کیا تھا۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا کا کہنا ہے کہ معاملہ حل ہونے کے بعد فیڈریشن میں ہر کوئی رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی چاہتا ہے۔
دو ہفتے قبل اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کیمپ چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ کوچ نے انہیں مشورہ دیا کہ میں بیرون ملک میچز نہ کھیلوں لیکن میں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ انہیں ناروے کیخلاف میچ میں 30 منٹ کھیلنے کا کہا گیا تاہم انہیں بلایا ہی نہیں گیا، کوچ نے وعدہ توڑا، اور 48 گھنٹے بعد اتفاق ہوا کہ وہ میڈیا کو سچ بتائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں طے شدہ باتوں کے برعکس بیان دیا گیا، قومی ٹیم چھوڑنے پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے معذرت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معطلی ختم ہونے کے بعد اگر فٹ ہوا تو پرتگال کے لیے دستیاب رہوں گا۔
کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 2003ء میں پرتگال کے لیے ڈیبیو کیا تھا، وہ حال ہی میں کہہ چکے ہیں کہ موجودہ سال ممکنہ طور پر میرے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہو سکتا ہے۔



