اسلام آباد، پاکستان بار کونسل کے ممبران کے انتخاب کے لیے باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان بارکونسل منصورعثمان نے بطور ریٹرننگ آفیسرانتخابی شیڈول کا اعلان کیا، جس کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل 25 نومبر کومکمل کیا جائے گا، امیدوارمقررہ تاریخ پر اپنے مکمل دستاویزات ریٹرننگ آفیسرکے دفتر میں جمع کروا سکیں گے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان بار کونسل کے سالانہ انتخابات کے لیے ووٹنگ 13 دسمبر 2025 کو ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر منعقد ہوگی۔ تمام صوبائی بار کونسلز کے منتخب ارکان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے نئے ممبران کا انتخاب کریں گے۔
پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا
انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کا مرحلہ شروع ہوگا جبکہ باضابطہ نتائج 22 دسمبر 2025 کو جاری کیے جائیں گے۔ پاکستان بارکونسل کے نو منتخب ارکان آئندہ تین سال کیلئے اپنے فرائض سنبھالیں گے۔
قانونی برادری کا کہنا ہے کہ اس سال ہونے والے انتخابات اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ بارکونسل کی پالیسیاں اور فیصلے ملک کے عدالتی اور قانونی ڈھانچے پربراہ راست اثرانداز ہوتے ہیں۔
متوقع ہے کہ انتخابی دوڑ میں سینئر وکلاء، نوجوان قانون دان اور مختلف گروپوں کی حمایت یافتہ شخصیات میدان میں اتریں گی۔
پاکستان بار کونسل ملک کے وکلاء کا سب سے بڑا نمائندہ ادارہ ہے جو وکلا کی رجسٹریشن، پریکٹس لائسنس اور قانونی اصلاحات کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انتخابات کے انعقاد سے متعلقہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
