فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کیلئے پاک فوج کو فوری اور موثرامدادی کارروائیوں کی ہدایت جاری کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخوا میں تعینات فوجی یونٹس کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے،عوام کی فوری امداد کیلئے اضافی فوجی دستے بھی متاثرہ علاقوں میں روانہ کیے جا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت کو امدادی سامان فوری بھیجا جائے،وزیراعظم کی ہدایت
پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وقف کردی ہے اور ایک دن کا جمع شدہ 600 ٹن راشن بھی متاثرہ عوام کیلئے مختص کر دیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کورآف انجنیئرزکو سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں انہوں نے سیلاب سے تباہ شدہ پلوں کی فوری مرمت اورعارضی پل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ آمد و رفت میں سہولت ہوسکے۔
پاک فوج کی جانب سے جاری یہ اقدامات عوامی خدمت اور قومی جذبے کی مثال ہیں جو متاثرین کی فوری بحالی میں اہم کردارادا کریں گے۔
