محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، گجرات،گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، جہلم، اٹک، چکوال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کا امکان ہے۔
پشاور، چترال، دیر، سوات، بونیر، شانگلہ،کوہستان، پشاور، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، نوشہرہ، مالاکنڈ، صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی،کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت اور ٹانک میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
ژوب، بارکھان، خضدار اور مو سیٰ خیل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے10 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے دریائے چناب اور دریائے جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ تیزہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، سوات کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اس دوران تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج میں نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شگر میں پانی کے بہاؤمیں اضافہ متوقع ہے، ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے، سلتورو، موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
