وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں قائدین نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور یہ عمل علاقائی و عالمی امن کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے۔
ایران بات کرے اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے، ڈونلڈ ٹرمپ
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کی جانب سے خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی کا کردار ہمیشہ مصالحت پر مبنی اور مثبت رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے نہ صرف علاقائی استحکام کو کمزور کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی امن کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکی مل کر کشیدگی کے خاتمے، انسانی جانوں کے تحفظ اور سفارتی حل کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔