اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ باہر بیٹھے ہمارے نادان دوست ہمارے نہیں بلکہ ملک کے خلاف بول رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اجلاس میں ایران کی جانب سے پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اور پاکستان نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں ایران کا دفاع کیا۔ ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ اور مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ اور پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتی ہے۔ فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے۔ اور پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں پر جاری مظالم کی ہمیشہ مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز ہمارے دلوں کے قریب ہے۔ اور پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی الیکٹرک ویکلز پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ باہر بیٹھے ہمارے نادان دوست ہمارے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف بول رہے ہیں۔ ایک ممبر نے اسرائیل کے حق میں تقریر کی۔ کیا اس کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی۔ بجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن لیڈر نے اتنا زور سے احتجاج کیا کہ آڈیو سسٹم خراب ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ شرم کی بات ہے اپوزیشن لیڈر ڈیسک بجانے کے لیے ٹیپ لگا کر دستاویز لائے۔ اس بجٹ میں پہلی بار مافیا کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔