یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، صدر آصف زرداری

صدر آصف زرداری

صدر آصف زرداری نے یوم تشکر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔

صدر مملکت نے اپنی مسلح افواج پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے، پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور یوم تشکر منا رہے ہیں، میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا۔

یوم تشکر ، وفاق اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

میں اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور پوری فوجی قیادت بالخصوص چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، میں آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور اپنے مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو سلامت رکھے۔ آمین

یوم تشکر کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا،دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں،ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا، مسلح افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا شاندار باب رقم کیا۔

بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں تیز اور یقینی جواب دیا جائیگا ، ترجمان پاک فوج

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمن کے فوجی اڈے، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے،ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ کارروائی انسان دشمنی، جارحیت، مذہبی جنون اور تعصب پر مبنی نظریہ کے خلاف تھی، یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک افواج کے شہداکوخراج عقیدت پیش کرتاہوں، اپنی اور قوم کی طرف سے جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں،چیف آف ایئر اسٹاف اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں، میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

یوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں، سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں