اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دفاع کا حق رکھتا ہے۔ ہمیں کسی سے کمتر نہ سمجھا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عالمی نشریاتی اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کیا۔ اور پاکستان بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارت کے حملوں میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے۔ تاہم نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت حملہ کرے گا۔ تاہم پاکستان نے جارحیت میں پہل کبھی نہیں کی لیکن ہمیں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ بھارت نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جن جگہوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں دہشت گردوں کے کیمپ نہیں تھے۔ غیر ملکی اور مقامی صحافیوں کو لائن آف کنٹرول کے قریب ان علاقوں کا دورہ کرایا گیا جن کے بارے میں بھارت کا الزام تھا کہ وہاں دہشت گردوں کے کیمپ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد موجود نہیں۔ جبکہ پہلگام کا علاقہ لائن آف کنٹرول سے 200 کلو میٹر دور ہے۔ پہلگام واقعہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کی ناکامی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے۔ اور پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ ہم اپنے مغربی علاقوں اور سرحدوں پر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 90 ہزار جانیں قربان کی ہیں۔ جعفر ایکسپریس واقعہ رونما ہوا تو بھارت نے اس کی مذمت تک نہیں کی۔ جبکہ بھارت خود دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ بھارت نے امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا میں سکھوں کا قتل عام کیا۔ اور ہمارے پاس بھارت کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے 6 مقامات پر میزائل حملے، پاکستان کی جوابی کارروائی، 3 طیارے مار گرائے، بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارت کا نیول آفیسر ہے جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ اور وہ پاکستان کے پاس بھارت کے خلاف ایک ٹھوس ثبوت ہے۔ پاکستان عالمی امن کا ضامن ہے۔ اور ہم دہشت گردوں اور دنیا کے درمیان ایک دیوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔ اور پاکستان کو کسی سے کمتر نہ سمجھا جائے۔ ہم بھارتی جارحیت کا جواب دے رہے ہیں۔ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔