خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں 3افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
واضح رہے صوبے میں دہشتگردی کی نئی لہر جاری ہے، گزشتہ روز ہی ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک چیک پوسٹ پر مبینہ خود کش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 35 زخمی ہو ئے تھے،اس سے قبل 18 ستمبر کو کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 21 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق تازہ واقعہ لکی مروت کے علاقے عبدالخیل کے قریب گزشتہ روز پیش آیا جہاں مسلح دہشتگردوں نے مقامی افراد کو نشانہ بنایا۔
پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ درہ پیزو ٹاؤن کے شہید ہیبت علی خان پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے تحت متاثرہ افراد شاہ حسن خیل سے اپنے گاؤں عبدالخیل واپس جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمیر، صادق امین اور علیان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں میں امداد اللہ، آصف اللہ اور اعجاز خان شامل ہیں۔پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سرکاری سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایک مقامی رہائشی کے مطابق گاؤں کے بیشتر افراد جن میں زیادہ تعداد نوجوان لڑکوں کی تھی، شاہ حسن خیل میں کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے۔کرکٹ میچ دیکھنے کے بعد یہ افراد رکشے میں سوار ہوکر اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات اکٹھی کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔



