ترجمان تحریک انصاف و تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے لانگ مارچ موخر کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے ہم ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے میڈیا پر لانگ مارچ موخر کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس کے اختتام پر حتمی اعلان کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، ہمارا مارچ پر امن ہے، چاہے یہ سڑکوں پر کنٹینر رکھیں یا کیلیں بچھائیں، چاہے گولی چلائیں، اس بار ہم نکلیں گے تو اس کرپٹ نظام کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بندوبست کریں گے۔”
ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی کمیٹی کا اجلاس ابھی بھی جاری ہے، وہ خود بھی چارسدہ جا رہے ہیں، اور کمیٹی کی مشاورت کے بعد لانگ مارچ سے متعلق لائحہ عمل کا حتمی اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف متوقع لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں جس کے بارے میں وفاقی حکومتی نمائندوں اور پاکستان مسلم (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا۔
مارچ میں شامل مظاہرین پر پر تشدد ہونے کے الزامات لگا کر انہیں روکنے کے لیے متعدد سخت اقدامات بھی کیے گئے ہیں تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک احتجاج ملتوی نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت لانگ مارچ 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے، جس کا اعلان ممکنہ طور پر آج کی کیا جائیگا۔
انہی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے کہا کہ لانگ مارچ موخر کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے ، حتمی فیصلہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا جو ابھی جاری ہے۔



