لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کیونکہ حرمین شریفین کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے۔
انہوں نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مسلمان ایسا گھناؤنا اقدام کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ جبکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے عزم پر قائم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ میں ہونے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے سے بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مکہ معاہدہ کسی ریاست کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن کے لیے ہے۔ اور اقوام متحدہ اجلاس میں سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
حرمین شریفین ہماری ریڈ لائن ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ ایک انتخاب ہے تو امن بھی ایک انتخاب ہے، پاکستان نے اپنا انتخاب کرلیا اور تنازع پر مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن مجید کی آیات کی تلاوت سے کیا اور سورۃ الانفال کی آیت نمبر 61 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ’’اور اگر وہ امن کی طرف مائل ہوں تو تم بھی اس کی طرف مائل ہوجاؤ۔‘‘
وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح کے اقوام متحدہ سے متعلق معروف قول کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے مقاصد اور اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار جاری رکھے گا۔ جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایران اور امریکا کو اسلام آباد مدعو کیا اور دونوں ممالک کو ایک چھت تلے لانے میں کامیاب رہا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پیدا کیا۔


