اسلام آباد: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی کے میں لیکچرار اور اساتذہ اپنی تنخواہوں کے لیے رو رہے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کے معاملے پر سی سی آئی کا اجلاس فوری طور پر بلانا چاہیئے۔ اور نہروں کے معاملے پر فورم کے ذریعے بات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بتایا جاتا ہے کہ ہم خود کفیل ہیں۔ لیکن صوبے میں لیکچرار اور اساتذہ اپنی تنخواہوں کے لیے رو رہے ہیں۔ جبکہ ہماری حکومت لاہور جا کر بار کونسل میں 6، 6 کروڑ روپے بانٹ رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا ٹنڈوجام کے سیلاب متاثرین کو گھروں کا تحفہ
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلے اپنے مستقبل بنانے والے لوگوں کو تنخواہیں دینی چاہئیں۔ اور ہمیں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا دورہ افغانستان خوش آئند ہے۔ تاہم دورے میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی نمائندگی نہیں تھی اب نائب وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کو اپنے دورے کے حوالے سے بریفنگ دیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دورے میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی نمائندگی ضرور ہونی چاہیئے تھی۔