کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی پہلی اننگز میں 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے۔ پاکستان کے تین بیٹرز پویلین لوٹ گئے ہیں۔
دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 64 رنز بنا لیے ہیں، بابراعظم 31 جب کہ رضوان نو رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کو 551 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جینسن نے ایک جب کہ رباڈا نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
جنوبی افریقہ نیولینڈز کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیلا کا دوبارہ آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد ہوم ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ریان ریکلٹن اور کائل ویریانے کے درمیان چھٹی وکٹ پر 148 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانسین کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہیں میر حمزہ نے کیچ آؤٹ کروایا۔
جنوبی افریقا کے بیٹر ریسی وین ڈیر ڈوسن نے بھی پی ایس ایل کیلئے خود کو رجسٹرڈ کروا لیا
جنوبی افریقہ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے، انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہارات نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں لیں۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ میر حمزہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔