پی ٹی آئی غلطیاں دھرانے کے بجائے اپنی اصلاح کرے، اسحاق ڈار

Ishaq Dar

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی غلطیاں دھرانے کے بجائے اپنی اصلاح کرے۔ سیاسی جماعت عالمی اجلاس میں شرکت کے بجائے اسے ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کرنے کے لیے پوری تیاری میں ہیں۔ یہ اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو ہو گا۔

بھارت کی شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اور ہر ملک کے 16 افراد پر مشتمل وفد حال میں موجود ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 27 سال بعد پاکستان بڑے عالمی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اور روس سمیت چند ممالک نے وزیر اعظم شہباز شریف سے میٹنگز کا وقت مانگا ہے۔ جبکہ وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کی اجازت سے میٹنگز طے کر لی ہیں۔ چین کا وفد ایک دن پہلے پاکستان آ رہا ہے اور چینی وفد کے ساتھ خصوصی میٹنگ ہو گی۔

افغانستان کی عدم شرکت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو 2021 سے ایس سی او کانفرنس میں دعوت نہیں دی جا رہی۔ اس لیے ہم نے افغانستان کو دعوت نامہ نہیں بھیجا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کا دورہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ بھی 27 ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔ وزیر اعظم نے ہر فورم پر غزہ کے حوالے سے آواز اٹھائی اور ہم نے اسرائیل کا نام لے کر اس پر تنقید کی جبکہ غزہ کے حوالے سے ایک اور او آئی سی کے ہیڈز اجلاس ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام وفود 15 اکتوبر کو آئیں گے اور 16 کو واپس روانہ ہو جائیں گے۔ جبکہ بھارت کے ساتھ ایس سی او میں ہی بات ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایس سی او کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی، عطا اللہ تارڑ

ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔ اور ایک سیاسی جماعت عالمی اجلاس میں شرکت کے بجائے اسے ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آپ احتجاج کر کے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ جبکہ ملکی سیاست کا اچھا طرز نہیں کہ ایک پارٹی نے 2014 میں بھی دھرنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ میزبان ہونے کے ناطے ہر ایک کو عزت دینی چاہیے۔ اس لیے ہم ایس سی او کے تمام اراکین کو پروٹوکول اور عزت دیں گے کیونکہ یہ فورم جب بھی ملتا ہے تمام مسائل پر بات کرتا ہے۔ انہیں اپنی غلطی درست کرنی چاہیئے اور غلطیاں دہرانے کی بجائے یہ لوگ اپنی اصلاح کریں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں