4 اکتوبر کو ہر صورت ڈی چوک پر پرامن احتجاج کریں گے، علیمہ خان

Aleema Khan

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کو ہر صورت ڈی چوک پر پرامن احتجاج کریں گے۔ ہمیں 10 بار بھی احتجاج میں آنا پڑا تو آئیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عوام کی خاطر جیل میں بیٹھے ہیں۔ وہ جس سیل میں اور جن حالات میں ہیں انہیں صرف 10 منٹ باہر آنے کے لیے دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے گرمی سردی برداشت کر رہے ہیں۔ وہ عوام کی آزادی کے لیے جیل میں ہیں اور یہ اتنے بڑے لیڈر کے ساتھ جو کر رہے ہیں تو ہمارے ساتھ کیا کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جب تک عدلیہ اور جمہوریت آزاد نہیں ہوتی احتجاج جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی سوچ ہے کہ ملک کو نہیں چلنے دینا، بلاول زرداری

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تھوڑے دن پہلے مذاق میں ایک بات کہی تھی کہ حالات یہ ہیں میرے کپڑے پسینے سے گل گئے۔ ہمیں بہت تکلیف ہوئی یہ وہ شخص ہے جب ہم جاتے ہیں وہ مسکراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور چیف الیکشن کمشنر مینڈیٹ چوروں کو تحفظ دے رہے ہیں۔ 4 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں پرامن احتجاج ہو گا۔ ہمیں 10 دفعہ بھی احتجاج میں آنا پڑا تو آئیں گے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں