علی امین گنڈاپور کی بڑھکوں سے بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہوسکتے، خواجہ آصف

Khawaja Asif

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی بڑھکوں سے بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہو سکتے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سیاسی عزائم لے کر پنجاب آئیں تو خوش آمدید کہیں گے بصورت دیگر پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے 15 دن گزر جائیں پھر ہم ان سے کہیں گے کہ آؤ۔ علی امین گنڈاپور کی بڑھکوں سے بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہوسکتے۔ ان کی باتیں صرف رنگ بازی ہیں اور کچھ نہیں۔ ان لوگوں نے خیبرپختونخوا کو دیوالیہ کر دیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو کرنل شیر خان کا مجسمہ توڑا گیا اور 6 ستمبر کو فاتحہ پڑھنے چلے گئے۔ ان لوگوں کا کوئی دین ایمان نہیں اور نہ شرم و حیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اندھیرا نظر آ رہا ہے اس لیے اب مایوس ہو رہے ہیں۔ بارہ چودہ ہزار کا جلسہ کر کے بڑی بڑی بڑھکیں مار رہے ہیں۔ یہ بنگلہ دیش کی مثالیں دے رہے تھے لیکن بنگلہ دیش میں تو مجیب الرحمان کا دی اینڈ ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مراد سعید پکڑا گیا تو بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید پھانسی کے پھندے پر ہوں گے، فیصل واوڈا

وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کی قوم کو ضرورت ہے ان کو سامنے آنا چاہیے۔ ان کی سیاست میں ایک طویل جدوجہد ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کو اب کوئی رنجش یا ناراضگی نہیں ہے۔ ایک دو روز میں آپ اس سے متعلق مثبت نتائج دیکھیں گے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں