تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں تہران اور واشنگٹن کے درمیان تناؤ اور دشمنی کو سنبھالنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے تاکہ ایران پر دباؤ کم ہو اور سخت پابندیاں ختم کرنے میں مدد مل سکے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی ہے کہ دشمنی کو ختم کر کے عوام پر اس کا دباؤ کم کریں۔ خارجہ پالیسی میں ہمسایہ ممالک، افریقی ممالک، چین اور روس سمیت دیگر ممالک کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک کی فہرست جاری
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف جارحانہ پالیسیاں اختیار کرنے پر یورپی ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک صرف اس وقت ترجیح بنیں گے جب وہ اپنی غلط اور مخالفانہ پالیسیوں سے دستبردار ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان 1980 کے بعد سے کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے تاریخی معاہدے کے تحت جوہری پروگرام روکنے پر پابندیوں میں نرمی کی گئی۔