وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ”اپنی چھت اپنا گھر“ منصوبے کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج پنجاب کے عوام کو خوشخبری دینا چاہتی ہوں، آج وہ اسکیم لانچ کرنے جارہی ہوں جس کا مجھے اور میاں نوازشریف سمیت پنجاب کے عوام کو بھی بہت انتظار تھا۔
اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ صوبے کے عوام کے لئے ہے، اپنا گھر بڑی نعمت ہے، اپنے گھر جیسی کوئی جگہ نہیں ہوتی، ہم لوگوں کو جلدی جلدی گھر بنا کر دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے اپنے دور میں کسانوں کو گھر دیے۔
بجلی بلوں پر ریلیف شارٹ ٹرم نہیں بلکہ 2 ماہ کا ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ اور متعلقہ حکام نے اس منصوبے پر بہت محنت سے کام کیا، شہری علاقوں میں 1سے 5مرلے تک زمین ہے تو حکومت آپ کو پیسے دے گی، حکومت پنجاب آپ کو 15لاکھ دے گی جس کو 7سال کی آسان اقساط میں دینا ہے، اس کی ماہانہ قسط 14ہزار روپے ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ جن کے پاس زمین کا ٹکڑا ہے اور اپنی چھت نہیں تو دھیان سے سن لیں، دیہاتی علاقے میں 1سے10مرلے تک زمین ہے تو آپ کو قرضہ دیا جائے گا، ہمارے اس قرضے پر زیرو سود اور انٹرسٹ ہے، حکومت سروس چارجز بھی خود ادا کرے گی کوئی چارجز،انٹرسٹ اور سود ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگلے سال سولر سسٹم لے کر آ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ماڈل گھر کے ڈیزائن میں تبدیلی کروائی ہے،ان کا کہنا تھا کہ قرض حاصل کرنے کے لئے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے، ارادہ ہے منصوبے کو پنجاب کے ہر کونے تک لے کر جائیں۔