کراچی میں بارش، ایک شخص جاں بحق، بجلی کا نظام درہم برہم

Karachi

کراچی: شہر قائد میں شدید موسلادھار بارش اور ہواؤں کے باعث دیوار گرنے سمیت مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ کے الیکٹرک کے فیڈرز بند ہونے سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو موسلا دھار بارش کا آغاز ہو گیا۔ مون سون کے پہلے اسپیل کے دوسرے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں دوپہر سے تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوئی۔ اولڈ سٹی ایریا، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، کورنگی اور کیماڑی سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

بارش کے باعث سوک سینٹر، کے ڈی اے چورنگی سمیت مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا۔ جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ بارش کے بعد شاہراہ فیصل سمیت مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام رہا۔ جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب سرجانی سیکٹر سیون اے میں دکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ گلشن معمار میں تیز ہوا کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ اس دوران برنس روڈ پر واقع قدیمی عمارت کی دوسری منزل کا حصہ گر گیا۔حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خستہ حال عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ،3 سپاہی شہید

میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ بارشوں کے دوران کے ایم سی کے افسران اور تمام عملہ سڑکوں پو موجود رہے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ پانی کی فوری نکاسی کے لیے پمپس اور مشینری پہنچا دی گئی ہیں اور برساتی نالوں کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

کراچی میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اولڈ ایئرپورٹ میں 31 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یونیورسٹی روڈ پر 19.8 ملی میٹر، فیصل بیس میں 16 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

گلشن حدید میں 12 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 8.6 ملی میٹر، گلشن معمار میں 7.4 ملی میٹر جبکہ کیماڑی میں 6.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے دوران کے الیکٹرک کے فیڈرز بند ہونے سے شہر میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں