اسلام آباد: گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں چودھری شجاعت حسین کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر جی ڈی اے کی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں چودھری شجاعت حسین، پیر پگاڑا، چودھری پرویز الہٰی، غوث علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں سندھ کے بعد جی ڈی اے کی پنجاب میں انتخابی معاملات پر مشاورت کی گئی اور پنجاب میں ٹکٹوں کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جی ڈی اے سندھ میں بعض سیٹوں پر تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرچکا ہے، شرکا نے فیصلہ کیا کہ پنجاب میں بھی پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
اس سے پہلے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صوبے میں من پسند افسر تعینات کیے ہیں لیکن ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ پریشان اور تنگ ہیں، ہم انہیں اس پریشانی اور تنگی سے نجات دلائیں گے۔
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ انتخابات 2013 کی طرح ہوں گے تو نقصان ہوگا، پرانے کیسز کا فیصلہ نہیں ہوا،اس طرح انتخابات کیسے ہوں گے، جوگزشتہ انتخابات میں ہوا وہ اس بار نہیں ہونے دیں گے۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ نگراں حکومت کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن نظر نہیں آرہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابقہ حکومت کے لوگوں کولے کر چلنا ہے تو الیکشن کیسے ہوں گے۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں۔ اگر الیکشن 2013 کی طرح ہوئے تو نقصان ہوگا۔
بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر سبغت اللہ راشدی المعروف پیر پگارا صدر الدین راشدی اور سابق گورنرسندھ غوث علی شاہ کے ہمراہ خصوصی طیارے پر نور خان ایئر بیس سے کراچی روانہ ہو گئے۔