سندھ میں آئندہ ہفتے ہیٹ ویو کا خدشہ، الرٹ جاری

Heatwave

کراچی: محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے میں سندھ میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں کو شدید گرمی کی لہریں اپنی لپیٹ میں لیے رکھیں گی۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے بھی آئندہ ہفتے کے دوران صوبے میں سخت گرمی جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

سندھ میں شدید گرمی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے صوبے میں 21 مئی سے 23 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پی ایم ڈی میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد افضل نے ہیٹ ویو کی تعریف درجہ حرارت 3 یا اس سے زیادہ دنوں تک معمول کی حد سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کے طور پر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ 10 دنوں کے دوران گرمی کی لہر میں شدت آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 49 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں کو متاثر کرے گی جہاں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتا ہے۔

جون کے پہلے ہفتے میں اس گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت ملک کے باقی حصوں کے مقابلے بہتر رہے گا، تاہم گرمی کی لہر کے کچھ اثرات کراچی پر بھی رہیں گے۔


متعلقہ خبریں