بھارت کی کاکروچ جنتا پارٹی نے مودی حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے کا اعلان کردیا۔
رائٹرز کے مطابق بانی کاکروچ جنتا پارٹی کا کہنا ہے کہ اپنی تحریک کو سڑکوں تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، میں بھارت واپس آکر اپنی پارٹی کے ساتھ مل کر وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کروں گا۔
میں نوجوانوں کو دہلی میں پرامن احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں،تقریباً 8 لاکھ طلبہ نے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیں جس میں وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بھارت میں سپریم کورٹ کے جج کے مبینہ نامناسب ریمارکس پر ردعمل کے طور پر بننے والی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی ایک نئے قانونی تنازع میں پھنس گئی۔
بھارتی جج کے متنازع ریمارکس ، نوجوانوں نے کاکروچ جنتا پارٹی بنا لی
بھارتی میڈیا کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی کے قیام کا معاملہ اب سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ جہاں اس تنظیم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تنظیم نے عدالتی ریمارکس کا مبینہ طور پر غلط استعمال اور تجارتی استحصال کیا ہے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ قانونی شعبے میں مبینہ جعلی وکلا اور جعلی ڈگریوں کی آزادانہ تحقیقات، ترجیحاً سی بی آئی کے ذریعے کرائی جائیں۔
یاد رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی اس وقت سامنے آئی تھی جب چیف جسٹس سوریا کانت نے عدالتی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کے لیے کاکروچ اور پیراسائٹس جیسے الفاظ استعمال کیے تھے، جس کے بعد یہ تنظیم وجود میں آئی۔
