تل ابیب، بیروت: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے ضاحیہ پر بمباری کا حکم دے دیا، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان کے سات دیہات ہومین الفوقا، بنافول، عرب سالم، رومین، عازہ، ارکی اور جباع کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقے خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔
فوجی ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خبردار کیا کہ شہری کم از کم ایک ہزار میٹر دور منتقل ہو جائیں کیونکہ ان علاقوں میں کارروائی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
ایران نے عمان کو اعتماد میں لے کر آبنائے ہرمز میں نیا ضابطہ نافذ کردیا
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ کے حوالے سے بھی انتباہ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے جاری رہے تو جوابی کارروائی میں ضاحیہ کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر کشیدگی اور جھڑپوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے خطے میں مزید عدم استحکام کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
