اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا آئین کی بحالی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

اپوزیشن (opposition)

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان  کے صدر محمود اچکزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا، جس میں تحریک انصاف کے عمر ایوب ، اسد قیصر ، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا،بی این پی مینگل کے ساجد ترین، ثنااللہ بلوچ ، مجلس وحدت مسلمین  کے اسد شیرازی اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی شریک ہوئے۔

ہم پورے پاکستان میں جلسے کرنے جارہے ہیں، اپوزیشن لیڈر

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، اپوزیشن اتحاد نے آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا اور تحریک کو آگے بڑھانے اور حقیقی آزادی کے حصول کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔

اجلاس میں فیصل آباد اور کراچی کے جلسوں کے لیے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

محمود اچکزئی ، اسد قیصر کی جماعت اسلامی کو حکومت مخالف تحریک میں شمولیت کی دعوت

اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ عوامی اجتماعات کرنا ہمارا آئینی قانونی اور جمہوری حق ہے، جلسے ہر صورت کیے جائیں گے، اس وقت ملک میں جمہوریت ختم ہو چکی اور آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، ہماری تحریک آئین کی بحالی تک جاری رہے گی۔

تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے 7 مئی کی پریس کانفرنس غیر آئینی، غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ آئین توڑنے والوں کو قوم سے معافی مانگنا ہو گی۔

 

 

 


متعلقہ خبریں