لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر کسی جیالے کا بیٹھنا بہت اچھا لگا۔
گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں پنجاب بھر کے جیالوں کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت عرصے بعد پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر کسی جیالے کا بیٹھنا بہت اچھا لگا۔ یہ ملک کے لیے بھی بہت ضروری ہے کہ پیپلز پارٹی وہ اسپیس واپس لے جو سیاسی کارکن کی اسپیس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل آپریٹز نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے اور پیغامات بھیجنے پر رضامند
بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا میں بڑے بڑے انقلاب اور تبدیلیاں سیاسی کارکنان لے کر آئے ہیں۔ بیوروکریسی، پولیس یا انتظامیہ کو پتہ ہو گا کہ اگر کسی جیالے سے زیادتی ہو گی تو گورنر سردار سلیم انہیں انصاف دلوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام، وکلا یا کسان کے مسائل سننے کے لیے عوامی گورنر بیٹھا ہو گا۔ سیاسی کارکن کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ محنت سے وہ بڑا عہدہ بھی سنبھال سکتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا پورا سفر جمہوریت کو طاقتور بنانے کے لیے رہا ہے اور آج بھی ہم اسی طریقے سے سیاست کریں گے۔