ہونڈا اٹلس اور انڈس موٹر کمپنی کا قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ

ہونڈا اٹلس اور انڈس موٹر honda and toyata

لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے کاروں کی قیمتیں کم کرنے کے بعد دو جاپانی کار کمپنیوں ہونڈا اٹلس اور انڈس موٹر کمپنی نے اپنی کاروں کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کا کہنا تھا کہ کچھ ڈیلرز اور صارفین نے مارکیٹ میں دیگر کمپنیوں کی جانب سے حالیہ قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اس سے رابطہ کیا ہے، ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے ہونڈا اٹلس کارزلمیٹڈ اپنی موجودہ قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔

16 مارچ کو ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے سٹی ایم ٹی 1.2 ایل اور سٹی سی وی ٹی 1.2 ایل کی قیمتیں 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے تک کم کر دی تھیں۔

سوزوکی کمپنی کا اپنی گاڑیاں سستی کرنے کا اعلان

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم فی الحال مزید کمی نہیں کررہے اور حالیہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ غیر ملکی زر مبادلہ کی شرح اور میٹیریل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

انڈس موٹر کمپنی نے بھی تصدیق کی ہے کہ قیمتوں میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی،انڈس موٹر کمپنی نے کہا کہ انہیں مارکیٹ میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے حالیہ قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں متعدد سوالات موصول ہوئے ہیں۔

کمپنی اپنی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں،انڈس موٹرز نے مارچ میں ٹویوٹا یارس کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 73 ہزار سے ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی کمی کی تھی۔ اس طرح ہونڈا اٹلس اور انڈس موٹر کمپنی نے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں