تل ابیب: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل پر زور دیا ہے معصوم شہریوں کا جانی نقصان کم سے کم ہونا چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی حمایت کرتا تھا، کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔ اسرائیل پر زور دیا ہے کہ معصوم شہریوں کا جانی نقصان کم سے کم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حماس کو تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا ہو گا اور اسرائیل پر واضح کر دیا جو کچھ شمالی غزہ میں ہوا وہ جنوب میں نہ دہرایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اہداف مکمل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اسرائیلی وزیر اعظم
انٹونی بلنکن نے کہا کہ عام شہریوں کے تحفظ کے لیے واضح پلان کی ضرورت ہے اور اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں میں جنگ کو خطے میں پھیلنے سے روکنے پر بات ہوئی ہے۔ جنگ میں وقفے کو بڑھانے اور مغویوں کی رہائی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی بہتر خدمت کے لیے فلسطینی اتھارٹی میں بہتری کی ضرورت ہے اور غزہ میں صورتحال بہت خراب ہے۔ غزہ میں شہریوں کو پانی، خوراک، ادویات اور تیل کی ضرورت ہے۔