ورلڈکپ سیمی فائنل، جنوبی افریقا کو شکست، آسٹریلیا فائنل میں پہنچ گیا

ورلڈکپ سیمی فائنل، آسٹریلیا کیخلاف جنوبی افریقہ کی بیٹنگ، آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 213 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے شاندار آغاز کیا اور 6 اوورز میں ہی 60 رنز بنادیے، تاہم ساتویں اوور کی پہلی گیند پر ڈیوڈ وارنر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کو دوسری وکٹ 61 رنز پر مل گئی جب مچل مارش صفر پر آؤٹ ہوئے، لیکن دوسری جانب اوپنر ٹریوس ہیڈ نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جو 69 رنز بنا کر 106 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، لیکن تبریز شمسی نے یہ خطرناک ہوتی پارٹنرشپ توڑ دی اور 18 رنز بنانے والے لبوشین کو 133 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

جنوبی افریقہ کو اسکے بعد پانچویں وکٹ بھی مل گئی، جب جارح مزاج گلین میکس ویل کو تبریز شمسی نے ہی 135 کے مجموعے پر کلین بولڈ کردیا۔

ایسے میں اسمتھ نے 30 اور جوش انگلس نے 28 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔ جس کے بعد کپتان مچل اسٹارک نے ناقابلِ شسکت 16 اور پیٹ کمنز نے 14 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو آٹھویں مرتبہ ورلڈکپ فائنل میں پہنچا دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی اور تبریز شمسی نے دو دو جبکہ کگیسو رباڈا، ایڈن مارکرم اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقا کی اننگز

جنوبی افریقا کے اوپنگ بلے باز اور کپتان ٹیبما باووما پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر مچل اسٹارک کی گیند کا شکار ہوئے۔ میگا ایونٹ میں 4 سنچریاں جڑنے والے کوئنٹن ڈی کاک 14 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پروٹیز بلے باز ایڈن مارکرم 10 اور وین ڈیر ڈیوسن 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر ڈیوڈ ملر نے شاندار سنچری اسکور کی اور ٹیم کو سہارا دیا۔ انہوں نے 116 گیندوں پر 101 رنز بنائے۔

جب کہ کلاسین 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک اور کمنز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پہلا سیمی فائنل: کوہلی کی 50 ویں سنچری، شامی کی 7 وکٹیں، نیوزی لینڈ کو شکست، بھارت فائنل میں

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کپتان ٹیبما باووما کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ مضبوط آسٹریلین ٹیم سے ہے۔ سیمی فائنل کیلئے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی ہے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس موقع پر کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے۔ فیصلہ کُن میچ کیلئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔


متعلقہ خبریں