کوئٹہ: 50 ملکوں کے سفر پر نکلا یورپی سیاح بلوچستان میں گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یورپی سیاح کو حادثہ ایران افغانستان کی سرحد کے قریب ضلع چاغی میں پیش آیا۔ 28 سالہ سیاح نونو کاسٹینرا کا تعلق یورپی ملک پرتگال سے تھا جو ایران کے راستے پاکستان میں ہیوی بائیک پر داخل ہوا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پرتگالی سیاح کے ساتھ 2 جرمن سیاح بھی ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔ تینوں ہیوی بائیکس پر سوار تھے اور وہ کوئٹہ کی طرف جا رہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر چاغی کے مطابق سیاحوں کی حفاظت پر لیویز اہلکار بھی تعینات تھے جو ان کے ساتھ ساتھ گاڑی میں جا رہے تھے تاہم چاغی سے کوئٹہ جاتے ہوئے یک مچھ تالو کے مقام پر نونو کاسٹینرا کی موٹر سائیکل سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسکردو ایئرپورٹ سے اب بین الاقوامی پروازیں بھی چلیں گی
سیاح کی میت کو سرکاری ایمبولنس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ روانہ کر دیا گیا جبکہ حادثے سے متعلق پرتگال کے سفارتخانے کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات میں غلطی سیاح کی معلوم ہوئی ہے، حادثے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔