حکومت نے فری لانسرز اور آئی ٹی برآمد کنندگان کیلئے ٹیکس رعایت برقرار رکھنے کی تجویز دے دی ہے، جس سے ڈیجیٹل معیشت کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت پاکستان کا سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا برآمدی شعبہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات، فری لانسرز، سافٹ ویئر ہاؤسز اور ڈیجیٹل ایکسپورٹرز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی برآمدات کی آمدنی پر 0.25 فیصد فائنل ٹیکس رجیم (FTR) کی رعایت 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی تھی، تاہم حکومت نے اس رعایتی نظام کو مزید تین سال کیلئے بڑھا کر 30 جون 2029 تک جاری رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم کی اس شعبے میں خصوصی دلچسپی اور مالی گنجائش کے باعث ممکن ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کو اس شعبے کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
