آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ترقی ہو گئی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی رینکنگ میں بھی 2 درجے بہتری آئی ہے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 2 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ساتویں اور انگلینڈ کے ہیری بروک نویں نمبر پر آ گئے جبکہ پاکستان کے سعود شکیل 15 اور عبداللہ شفیق 21 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں 3 درجے بہتری ہوئی ہے اور فاسٹ بولر چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 4 درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
مچل اسٹارک ایک درجے ترقی کے بعد 13 ویں جبکہ انگلینڈ کےکرس ووکس 7 درجے بہتری کے بعد 23 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔