لاہور قلندرز اور زمبابوے کرکٹ کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پاگیا


لاہور قلندرز اور زمبابوے کرکٹ نے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت آئندہ چند سالوں کے لیے زمبابوے کرکٹ کا نیا مرکز قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور ہوگا۔

اس معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر حال ہی میں زمبابوے میں منعقدہ کامیاب پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 8 باصلاحیت کھلاڑی ستمبر میں لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں مکمل تربیت حاصل کریں گے۔

اس معاہدے کے تحت زمبابوے انڈر 19 اور زمبابوے ویمنز کرکٹ اسکواڈ بھی آئندہ ماہ لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ بالترتیب دورہ بنگلا دیش اور دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے سلسلے میں تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔

ایک اوور میں 7 چھکے، بیٹر کا انوکھا کارنامہ

معاہدے کی تیسری شق کے مطابق زمبابوے کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرارے میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا قیام کیا جارہا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو مکمل تربیت فراہم کی جائے گی۔

لاہور قلندرز زمبابوے میں ٹیپ بال کرکٹ کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کرے گا،لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو اور ڈربن قلندرز کے مالک عاطف رانا کا کہنا ہے کہ انہیں زمبابوے کرکٹ کے ساتھ اس تاریخی معاہدے پر دستخط کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ زمبابوے کرکٹ کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا،عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹرائلز کے تحت ہرارے، بلاوئیو اور کیو کیو میں بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اب ان کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کرنا زمبابوے کرکٹ اور لاہور قلندرز کی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں